ایرانی سائنسدان کی رہائی کے بعد ایران نے امریکی فوجی کو رہا کردیا

529

ایران اور امریکا نے ایک دوسرے کے قیدیوں کو رہا کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی جانب سے امریکی فوجی کو رہا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل بتاتا ہے کہ ڈیل ممکن ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایرانی قید سے رہا ہونے والے امریکی فوجی مائیکل وائٹ سے فون پر بات ہوئی جواس وقت زیورخ میں ہیں،جلد امریکا پہنچ جائیں گے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ میرے دورصدارت میں 40 امریکی وطن لائے جاچکے ہیں جو بیرون ملک قید تھے۔

یاد رہے کہ امریکی نیوی اہلکار مائیکل وائٹ دو سال سے ایرانی قید میں تھا تاہم روایتی حریف ایران اور امریکا نے دونوں رہائیاں کسی معاہدے کے نتیجے میں ہونے سے انکار کیا ہے۔

امریکی نیوی اہلکار کی رہائی ایرانی سائنسدان سائرس اصغری کی رہائی کے بعد عمل میں آئی جو چار سال سے امریکی قید میں تھا۔