لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے ،حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز

149

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ کی سربراہی میں وفد نے حیسکو چیف عبدالحق میمن سے ملاقات کی ، جس میں وزیر اعظم کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجروںکے لیے5 سے 75 کلو واٹ بجلی کی چھوٹ، حیسکو کی جانب سے لاک ڈاﺅن کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے، بجلی کے بلوں کی تاریخوں کو آگے بڑھانے اور چیمبر کی درخواست پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ چیمبر اور حیسکو حکام کے درمیان باہمی روابط اِسی طرح قائم رہے گے تاکہ صنعت و تجارت کو فروغ ملے جس سے ملکی معیشت ترقی کرے۔ انہوں نے بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور روز مرہ کے شٹ ڈاﺅن کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سےکم کیا جائے اور اِس شدید جھلسا دینے والی گرمی میں آئے روزشٹ ڈاﺅن کو تاجروں اور عوام کے لیے نقصان دہ اور معیشت کےلیے تباہ کن قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔حیسکو چیف نے واٹس ایپ گروپ بحال کرنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ لاک ڈاﺅن کی وجہ سے بجلی کی ترسیل میں کچھ مشکلات آگئیں تھیں جسے دور کرلیا گیا ہے اور اب معمول کے مطابق صارفین کو بجلی فراہم کرنا شروع کردی ہے۔اجلا س میں حیسکو چیف عبدالحق میمن کے علاوہ چیف آپریٹنگ افسر زاہد پرویز مغل، سپرنٹنڈنٹ انجینئر آپریشنل سرکل ون منظور حسین سومرو، حیسکو ترجمان محمد صادق کبر، چیمبر کے سینئر نائب صدر معیز عباس، نائب صدر محمد یاسین خلجی، کنوینر سب کمیٹی حیسکو امور محمد اکرم آرائیں، سلیم الدین قریشی اور محمد الطاف میمن موجود تھے۔