حکومت شہباز شریف کے خوف میں مبتلا ہے‘ مریم اورنگزیب

131

اسلام آباد( آن لائن ) ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پوری حکومت اور کرائے کے ترجمان شہباز شریف کے خوف میں مبتلا ہیں، اپوزیشن لیڈر پر آشیانہ ، 56کمپنیوں اور صاف پانی سمیت جوالزامات لگائے ہیں وہ سب جھوٹے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ترجمان کا کہناتھا کہ کورونا کے معاملے پر اپوزیشن حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار تھی، شہباز شریف نے لندن سے واپس آکر تعاون کا مسودہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران
خان نے شہباز شریف پر 10ارب آفر کا الزام لگایا لیکن یہ نہیں بتایا کہ کب؟کس نے اور کیوں دیے، عدالت نے جب ثبوت مانگا یہ لوگ پچھلے دروازے سے فرار ہوجاتے ہیں۔ گزشتہ 3سال میں جواب جمع کرانے کے لیے ان لوگوں نے 33بار عدالت سے مہلت مانگی ہے حالانکہ قانونا ہتک عزت کیس کا فیصلہ3ہفتے میں آنا ضروری ہوتا ہے۔علاوہ ازیں ن لیگی رہنمااحسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کاری بند ہو گئی ہے، لوگوں نے ملک سے پیسہ اٹھا لیا اور وہ سرمایہ کاری کے لیے تیار نہیں ہیں کیونکہ سرمایہ کار خود کو ملک میں غیر محفوظ سمجھتا ہے۔لاک ڈاﺅ ن میں سختی یا نرمی پر حکومت اب بھی الجھن کا شکار ہے۔ قومی اسمبلی اجلاس میں شہباز شریف ضرور شرکت کریں گے۔ نیب نے عدالتی فیصلے کا انتظار کیے بغیر عجلت سے کام لیا، قائد حزب اختلاف شہباز شریف نیب چھاپے کے وقت گھر پر نہیں تھے۔