جھڈو، پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کے بعد پیٹرول نایاب

157

جھڈو (نمائندہ جسارت) جھڈو میں پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت کے بعد پیٹرول نایاب ہوگیا ہے، شہری پیٹرول کے حصول کے لیے دن بھر مارے مارے پھرتے رہے، صارفین کا انتظامیہ سے فوری نوٹس لے کر پیٹرول کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ۔ جھڈو میں پیٹرول پمپس مالکان کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی روکنے کے بعد شہر میں پیٹرول کی مصنوعی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ شہری دن بھر پیٹرول کے حصول کے لیے مارے مارے پھرتے رہے، پیٹرول کے مصنوعی بحران سے سب سے زیادہ پریشانی کا سامنا موٹر سائیکل سوار افراد کو کرنا پڑا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی عدم فراہمی سے نجی ٹرانسپورٹ کی آمدورفت بھی شدید متاثر رہی، پیٹرول مصنوعات کی قلت کا فائدہ منافع خور مافیانے اٹھانا شروع کردیا ہے اور جگہ جگہ پیٹرول بوتلوں میں ڈال کر ایک سو روپے لیٹر میں فروخت کرنا شروع کردیا ہے، صارفین نے صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے فوری نوٹس لے کر پیٹرول کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔