ممکنہ برسات سے نمٹنے کیلیے تمام تر انتظامات کیے جائیں،عباس بلوچ

179

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) کمشنر حیدر آباد محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث اس سال بھی معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے، لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ماضی کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے ممکنہ مون سون کی بارشوں سے نمٹنے کے لیے تمام تر انتظامات کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ممکنہ مون سون کی بارشوں سے قبل انتظامات کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حیدر آباد فواد غفار سومرو، ایڈیشنل کمشنر ون لیاقت علی کلہوڑو، ڈی جی ایچ ڈی اے غلام محمد قائم خانی، منیجنگ ڈائریکٹر واسا مظفر میمن سمیت ایچ ایم سی، حیسکو و دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر حیدر آباد محمد عباس بلوچ نے ڈپٹی کمشنر حیدر آباد کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں ایک ٹاسک فورس تشکیل دیں جو متعلقہ محکموں کے مابین کوآرڈینیشن کے ساتھ ان کے مسائل اور ضروریات معلوم کریں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ متوقع مون سون بارشوں سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام مشنریز اور پمپنگ اسٹیشنز کو فعال رکھا جائے اور نالوں کی صفائی کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس حیسکو حکام کے ساتھ بھی اجلاس کرے اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ بارشوں کے دوران پمپنگ اسٹیشنز کی لائٹ بحال رہے جبکہ فیڈر ٹرپ ہونے یا دیگر فنی خرابی کی صورت میں جلد از جلد مرمتی کام کیا جائے تاکہ پمپنگ اسٹیشنز مکمل طور پر فعال رہیں اور نکاسی آب کا کام بلاتعطل جاری رہے۔ انہوں نے کہا کہ رین ایمرجنسی کے دوران ہمیں مربوط روابط کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے جبکہ لوگوں کے جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح میں شامل ہے۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ممکنہ صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے تمام تر ممکنہ تیاری کی جائے تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کمشنر حیدر آباد نے ڈی سی حیدر آباد کو ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میں فیلڈ وزٹ اور انتظامات کا خود بھی جائزہ لیں۔ اس موقع پر ڈی سی حیدر آباد فواد غفار سومرو اور ڈی جی ایچ ڈی اے غلام محمد قائمخانی نے کمشنر حیدر آباد کو ممکنہ مون سون کی بارشوں کے حوالے سے انتظامات سے متعلق آگاہ کیا۔