وفاق چاہتا ہے کورونا سے لاکھوں لوگ مرجائیں،وزیر صحت سندھ

137

کراچی(نمائندہ جسارت) وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ وفاق چاہتا ہے کورونا سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ مریں۔سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے عذرا پیچوہو نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے ، یہ ایسے لڑیں گے کورونا سے ؟انہوں نے کہا کہ 13مئی کے بعد جس طرح لاک ڈاو¿ن کی خلاف ورزی کی گئی اب اس کا نتیجہ بہت برا آرہا ہے، اب صورتحال ہمارے ہاتھ سے نکل رہی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہر گھر سے مریض نکل رہا ہے۔ ہمارے پاس اسپتالوں میں بستر کم پڑ رہے ہیں۔وزیر صحت سندھ نے کہا کہ کوئی چاہتا ہے کہ لاکھوں افراد کورونا سے مر جائیں۔
وزیر اعظم 50 لوگوں کے ساتھ مل کر اجلاس کرتے ہیں، کہتے ہیں کہ کورونا ایک قسم کا زکام ہے، لوگ مکھیوں کی طرح مر جائیں گے تو کیا کریں گے معیشت کا؟عذرا پیچوہو نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہمیں حفاظتی سامان تک نہیں دیا۔، وفاقی حکومت نے کورونا کو مذاق سمجھا ہے، ہم بحران کی طرف جارہے ہیں اور وقت ہاتھ سے نکل چکا ہے، مریض اسپتالوں میں ڈھونڈتے پھریں گے بیڈ نہیں ملے گا۔ یہ یہی چاہتے ہیں کہ لوگ لاکھوں کی تعداد میں مریں۔ سندھ حکومت کہتی رہی سخت لاک ڈاو¿ن کیا جائے مگر نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں 19 لیبارٹریز کورونا کا ٹیسٹ کر رہی ہیں، کورونا مریضوں کے علاج کےلیے نجی اسپتالوں سے معاہدے کیے ہیں، ٹیلی ہیلتھ کا نظام قائم کیا ہے، ایمبولینس سروسز اور اسپتالوں کے درمیان رابطے کا کام بھی کر رہے ہیں، کراچی ائر پورٹ پر محکمہ صحت کا عملہ تعینات کیا گیا ہے، مسافروں کا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے بلکہ ان پر نظر بھی رکھی جا رہی ہے۔عذراپیچوہو نے کہا کہ گھر پر موجود مریضوں کو ٹیلی فون پر مشورے دیے جا رہے ہیں۔وزیر صحت عذرا پیچوہو نے سندھ اسمبلی میں انگریزی میں پالیسی بیان دیا جس پر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی نصرت سحر عباسی نے احتجاج کیا اور کہا کہ تقریر سندھی یا اردو میں کی جائے۔اپوزیشن اراکین بھی نصرت سحر عباسی کی حمایت میں کھڑے ہوکر بولنے لگے جس پر عذرا پیچوہو اور نصرت سحر عباسی کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔عذرا پیچوہو نے کہا کہ انگریزی زبان بھی ہمارے پاس بولی اور سمجھی جاتی ہے۔