ٹی ٹی پی کی بھارتی حمایت خطے کے ممالک کیلیے خطرہ ہے،پاکستان

160

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک+آن لائن) پاکستان نے اقوام متحدہ کی رپورٹ سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کی بھارتی حمایت خطے کے دوسرے ممالک کے لیے بھی خطرہ ہے۔ ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی نے سرکاری بیان میں بتایا ہے کہ اقوام متحدہ نے افغانستان مانیٹرنگ ٹیم کی 11ویں رپورٹ میں امن و استحکام کا تذکرہ کیا تھا اور اس رپورٹ میں پاکستان میں محفوظ پناہ گاہوں کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا ۔ عائشہ فاروقی نے کہا کہ افغان امن عمل پر بین الاقوامی برادری نے شکوک و شبہات کا اظہار نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی رپورٹ کو توڑ مروڑ کر پاکستان پر الزامات لگائے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی وزارت خارجہ کا بیان افغان امن عمل کو متاثر کرنے کی کوشش ہے۔ پاکستان افغان امن عملکو نقصان پہنچانے والے عناصر سے متعلق پہلے ہی خبردار کر چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیموں کی افغانستان سے پاکستان مخالف سرگرمیوں کی نشاندہی کر چکے ہیں۔دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ سے افغانستان میں بھارت کی ٹی ٹی پی کو حمایت ثابت ہو گئی ہے۔