ٹڈّی دَل حملوں کو روکنے کیلیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے، آرمی چیف

393

راولپنڈی(خبر ایجنسیاں)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ٹڈی دَل کے خطرے سے نمٹنے کے لیے سول انتظامیہ سے بھرپور تعاون کیا جائے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو آرمی چیف نے نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر(این ایل سی سی) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر این ایل سی سی کے چیف کو آرڈی نیٹر لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نےآرمی چیف کو ٹڈی دَل کے حملوں پر قابو پانے کے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ آرمی چیف نے این ایل سی سی کے ٹڈی دَل پر قابو پانے کے لیے ترتیب دیے گئے نیشنل ایکشن پلان میں مربوط کوششوں پر این ایل سی سی کے اقدامات کو سراہا اور اس سلسلے میں سول انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے ہدایت کی۔ان کا کہنا تھا کہ غذائی تحفظ اور منفی ماحولیاتی اثرات کی روک تھام کے لیے ٹڈی دَل پر قابو پانے کے آپریشنز انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ حکومت پہلے ہی اس حوالے سے قومی ایمرجنسی کا اعلان کرچکی ہے۔