نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والے عوام سے روز گار چھین رہے ہیں ،جاوید قصوری

457

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان اسٹیل ملز کے 9350 ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ انتہائی قابل مذمت اور شرمناک ہے۔ لوگوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والے ہی عوام سے روزگار چھیننے پر اتر آئے ہیں۔ کہاں ہے وہ تبدیلی جس کا خواب تحریک انصاف نے دکھایا تھا؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے، پی آئی اے، اسٹیل ملز سمیت تمام منافع بخش ادارے اس وقت شدید خسارے میں جاچکے ہیں۔ ہر دور حکومت میں ان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جاتا رہا ہے۔ حکمران اپنی کرپشن اور نااہلی چھپانے کے لیے اداروںکی نجکاری کرنا چاہتے ہیں، اس سے لاکھوں افراد بے روزگار ہوجائیں گے۔ ملک میں پہلے ہی کورونا کے باعث مسلسل لاک ڈائون سے دو کروڑ سے زائد افراد بے روزگار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک و قوم کو بہت مایوس کیا ہے۔ ان میں کسی قسم کا کوئی وژن نہیں۔ عوام کے مسائل میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ حکمرانوں کی ساری توجہ صرف اور صرف اپوزیشن کو دیوار سے لگانے پر مزکور ہوچکی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اہم اداروں کو اونے پونے فروخت کرنے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں۔ لوٹ مار کرنے والا مافیا اسمبلیوں اور کابینہ میں بیٹھا ہے اور وہ مختلف حیلوں بہانوں سے ریاستی کارپوریشنز اور دیگر قومی اثاثوں کو بھی ہڑپ کرنا چاہتے ہیں۔ ڈائون سائزنگ کے نام پر سرکاری ملازمین کو نکالنے کی بھرپور مخالفت کرتے ہیں۔ حکمران اگر اداروں کو چلا نہیں سکتے تو انہیں برسر اقتدار رہنے کا بھی کوئی حق نہیں ہے۔