وزیر اعظم آفس سے براہ راست رابطے پر ایم ڈی پی ٹی وی کو شوکاز

132

اسلام آباد (آئی این پی) وزارت اطلاعات و نشریات نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 دن کے اندر اندر جواب طلب کر لیا ، وزارت اطلاعات کے ڈپٹی ڈائریکٹر حسین احمد وزیرکے دستخطوں سے جاری شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ ہدایات کے باوجود آپ نے وزیر اعظم ہائوس میں وزارت کو بائی پاس کرتے ہوئے براہ راست بات چیت کا راستہ چنا ۔ اس کے علاوہ آپ کے خط کے مندرجات وزیر اعظم آفس کے آداب کے منافی ہیں اور یہ وزارت کے اختیارات میں بھی مداخلت کے مترادف ہیں ۔ اس لیے آپ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ آپ 3 دن کے اندر اپنی پوزیشن کی وضاحت کریں جو آپ نے رولز آف بزنس 1973 میں پالیسی ہدایات کی واضح خلاف ورزی کی ہے۔ آپ نے سیکرٹریٹ کی ہدایات اور وزارت اطلاعات کی پالیسی ہدایات کی بھی نفی کی ہے اس لیے آپ 11 مئی 2020ء کو وزیر اعظم آفس کو لکھے گئے خط کی ایک کاپی بھی فراہم کریں ۔