چکن میں کورونا وائرس کی خبریں بے بنیاد ہیں،چودھری فرغام

230

اسلام آباد (رپورٹ:میاں منیر احمد) پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نادرن ریجن کے وائس چیئر مین چودھری محمد فرغام نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر نجی بلاگرز کے ذریعے چکن میں کورونا وائرس (COVID-19)کی موجودگی کی بے بنیاد خبریں نشر ہوتی نظر آرہی ہیں۔ ان تمام خبروں کی پاکستان پولٹری ایسو سی ایشن سختی سے تردید کرتی ہے۔ مورخہ 24مارچ2020کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے بمع پروفیسر محمد اشرف نظامی صدر، پاکستان میڈیکل ایسوسی ا یشن،ڈاکٹر سومیہ اقتدار جنرل سیکرٹری، پاکستان سوسائٹی آف انٹرنٹ میڈیسن، پروفیسر زرفشا ڈین، انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ، پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا وائس چانسلر، یونیورسٹی آف ایجوکیشن،ڈاکٹر محمد ناصر جنرل سیکرٹری، پاکستان سوسائٹی آف فوڈسائنسز اینڈ ٹیکنالوجی،پروفیسر مسعود صادق صدر، پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن اور ڈاکٹر طارق محمود میاں صدر،پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشن نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے بہت علمی غور و خوض کے بعد عوام الناس کو مسلسل کئی روز تک بذریعہ میڈیا بتاتے رہے کہ انسانی جسم کی قوت مدافعت بڑھانے کے لیے تمام ڈاکٹر صاحبان نے سفارشات دی ہیں کہ ہر فرد، خاندان،سوسائٹی اور ریاست ایسے طریقے اپنائے جس خوراک میں اعلیٰ قسم کی پروٹین موجود ہو، مثلاً دودھ، مرغی، گوشت، مچھلی، انڈے اور اس طرح کی چیزیں جو متوازن غذاکو ترویج دیں اور ریاست کی سطح پر موجودہ بیماری کے علاج کے لیے مندرجہ بالا 8 میڈیکل ادارہ جات میں سے کسی ایک سے رابطہ کیا جائے۔ نیز منسٹری آف نیشنل فوڈ سیکورٹی،گورنمنٹ آف پاکستان اور پولٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ گورنمنٹ آف پنجاب اس قسم کے گمراہ کن پروپیگنڈے جو غذائیت سے بھرپور اور صحت بخش چکن کے گوشت کے استعمال کو متاثر کر رہا ہے اس کی حاصلہ شکنی کرتی ہیں۔ صارفین اور اخبارات سے گزارش ہے کہ وہ اس قسم کے بے بنیاد پروپیگنڈے پر دھیان نہ دیں اور چکن کا استعمال جاری رکھیں کیونکہ یہ کورونا وائرس کے خلاف قوت مدافیت کو بڑھاتا ہے۔