اسد قیصر سے سربراہ عالمی ادارہ صحت کی ملاقات ‘ کورونا صورتحال پرگفتگو

182

اسلام آباد(اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو۔ایچ۔او) کے سربراہ ڈاکٹر پلیتھا گونراتھنا ماہیپالا نے ملاقات کی۔ملاقات میں کورونا وائرس کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے اسپیکر کو عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں کلیدی منصوبہ جات کے بارے میں آگاہ کیا۔ اسپیکر نے پاکستان کے لیے کورونا وائرس جیسے وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے تعاون کو سراہا اور کہا کہ کورونا وائرس دنیا بھر میں خطرناک حد تک پھیلا جس کے سنگین نتائج برآمد ہوئے۔ ڈبلیو ایچ او کے پاکستان میں سربراہ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اس خطے کا واحد ملک ہے جہاں یہ وبائی مرض اندازے سے کم پھیلا ہے۔ پاکستان کی حکومت کی لاک ڈائون کی پالیسی سے پھیلائو کو روکنے میں مدد ملی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے کہا کہ عوام نے اگر احتیاط نہ کی تو یہ وائرس زیادہ پھیل سکتا ہے۔حکومتی اقدامات سے وائرس کو پھیلنے سے روکنے میں مدد ملی ہے۔ا سپیکر نے کہا کہ امید ہے ڈبلیو ایچ او پاکستان کے لیے تعاون کی فراہمی جاری رکھے گا۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے کہا کہ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کروانے کے لیے سخت اقدامات کریں۔ صوابی کے لیے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی سامان اور ٹیسٹ کٹس بھی مہیا کیں۔