کورونا کے ساتھ کرپشن وائرس کو بھی کنٹرول کیا جائے،حسین محنتی

151

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومتی دعوئوں کے برعکس کورونامریضوں کے علاج کی سہولیات کا فقدان تشویش ناک ہے، کورونا وائرس کے ساتھ کرپشن وائرس کو بھی کنٹرول کیا جائے،کورونا وائرس اللہ کی طرف سے آزمائش ہے، جس نے ترقی یافتہ ممالک کو بھی تلپٹ کرکے رکھ دیاہے،زمینی خدائی کے دعویداروں پر واضح ہوگیا کہ تم جتنی بھی ترقی کرلو انسان کی جان اللہ کے ہاتھ میں ہے،حکومت کورونا وبا صورتحال میں ابہام،لاک ڈائون اور خوف کے بجائے قوم کے اندر یکسوئی،احتیاط اور حوصلہ دینے اور کورونا کے ساتھ زندگی گزارنے کا ماحول پیدا کرے،جماعت اسلامی اصلاح معاشرہ ،اسلامی انقلاب اورضائے الٰہی کے حصول کی خاطر انسانیت کی خدمت جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہران مرکز سکھر میں جماعت اسلامی کے ضلعی نظم،تحصیل ومقامی امرا کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا، جس میں کورونا ریلیف،رمضان سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی گئی۔ امیر ضلع مولانا حزب اللہ جکھرو،قیم سلطان احمد ایڈووکیٹ، مقامی امیر زبیر حفیظ شیخ اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی اس موقع پر موجود تھے۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے ساتھ کرپشن وائرس کو بھی کنٹرول کیا جائے،سندھ میں سخت لاک ڈائون اور اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود کیسز میں اضافہ اور مریضوں کے لیے سہولیات کا فقدان حکمرانوں کے لیے لمحہ فکر ہے،عملی وٹھو س اقدامات کرنے کے بجائے صرف لاک ڈائون اور مساجد کو بند کردینا حکومت کی بے حسی ،بے دین و سیکولر سوچ کی عکاسی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اللہ کی ذات کو پہچانیں،توبہ واستغفار کریں اور اس کی طرف پلٹ آئیں۔دریں اثنا صوبائی امیر نے بزرگ رہنما اور کسان بورڈ سندھ کے صدر ڈاکٹرعبدالرزاق کھوسہ کی عیادت وجلد صحت یابی کی دعا کی جبکہ جماعت اسلامی کے سابق امیر غلام غوث غازی ،سید علی گوہر شاہ کی وفات پر لواحقین کے پاس جاکر تعزیت،مرحومین کی مغفرت،درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔