سندھ حکومت کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر چیف سیکرٹری طلب

136

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر علی زیدی کی سانحہ بلدیہ، لیاری گینگ وار کے عذیر بلوچ اور نثار مورائی کی جے آئی ٹی رپورٹس پبلک نہ کرنے سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پر چیف سیکرٹری سندھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 جون کو جواب طلب کرلیا۔ جمعرات کو جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں جسٹس عبد المبین لاکھو پر مشتمل 2 رکنی بینچ کے روبرو علی زیدی درخواست پر سماعت ہوئی۔ علی زیدی کے وکیل بیرسٹر دانش نے موقف اختیار کیا کہ سندھ حکومت نے جے آئی ٹی پبلک کی اور نہ ہی سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف عدالت عظمیٰ میں اپیل دائر کی تھی۔ سانحہ بلدیہ میں گرفتارملزمان نے اہم ترین انکشافات کیے تھے، عذیر بلوچ نے بھی دہشت گردی اور دیگر سنگین وارداتوں میں اہم شخصیات کے ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا،دوران سماعت جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے سندھ حکومت نے سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا؟