اہم معاملات نظرانداز،بورڈ حکام اندرونی مسائل میں الجھ گئے

311

لاہور (جسارت نیوز) اہم معاملات کو نظر انداز کر کے پی سی بی حکام اندرونی مسائل میں الجھ گئے کیونکہ پی ایس ایل 5 کی لائیو سٹریمنگ ایشو اعلیٰ عدالت تک جا پہنچا ہے جس پر بھرپور جوابی وار کرتے ہوئے پی سی بی نے بھی سوشل میڈیا پر نامناسب پوسٹس کرنے والے ان افراد کیخلاف سائبر کرائم یونٹ میں شکایت درج کرادی ہے جو پی سی بی حکام کو عدالت میں گھسیٹنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ پی سی بی گورننگ بورڈ کے سابق رکن شکیل شیخ اور موجودہ معطل رکن نعمان بٹ نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں معروف قانون دان اسد راجپوت کی وساطت سے مشترکہ آئینی درخواست دائر کی ہے کہ پی سی بی کیخلاف کارروائی کی جائے کیونکہ ان کا ٹیک فرنٹ سے لائیو سٹریمنگ کیلئے 3 سالہ معاہدہ قرآن اور سنت کے منافی ہی نہیں بلکہ آئین پاکستان کی مختلف شقوں کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔اس معاملے میں چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان سمیت گیارہ پی سی بی عہدیداروں کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔دوسری جانب پی سی بی نے ایف آئی اے کے سائبر کرائم یونٹ میں گورننگ بورڈ کے سابق ارکان شکیل شیخ،نعمان بٹ اور طارق سرور کیخلاف شکایت درج کرادی ہے کہ وہ نامناسب سوشل میڈیا پوسٹس کر کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کو ہدف بنا رہے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق پی سی بی رائے کی آزادی کا مخالف نہیں مگر نامناسب الفاظ اور ہتک آمیز رویہ برداشت نہیں کیا جا سکتا لہٰذا مذکورہ تینوں افراد اس معاملے کی سماعت کیلئے سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ میں پیش ہونا پڑے گا۔ذرائع کے مطابق ارسال کردہ نوٹس میں یو ٹیوب اور ٹوئٹر پر شکیل شیخ کی جانب سے وسیم خان کیخلاف نامناسب زبان استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے جنہوں نے ایک ٹی وی چینل پر بھی گفتگو میں یہی طرز عمل اپنایا تھا۔