کورونا کا خدشہ،ویسٹ انڈیز کے 3 کھلاڑی دورہ انگلینڈ سے باہر

213

جمیکا (جسارت نیوز) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے 3 کھلاڑیوں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کی وجہ سے آئندہ ماہ3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لئے انگلینڈ کا سفر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انگلینڈ کے خلاف 3 میچوں کی سیریز کے لئے ویسٹ انڈیز کی نمائندگی نہ کرنے والے 3 کھلاڑیوں میں بلے باز شمرون ہیٹ مائیر، ڈیرن برائوو اور آل راؤنڈر کیمو پال شامل ہیں جو ویسٹ انڈیز کی 25 رکنی ٹورنگ ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔دونوں ٹیموں کے درمیاں 3 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا باضابطہ آغاز 8 جولائی کو محفوظ مقامات (بایو سکیفٹ) پر شائقین کے بغیر ہوگا۔ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم 9 جون کو انگلینڈ پہنچے گی اور ابتدائی تربیت کے لئے اولڈ ٹریفورڈ میں رہے گی۔انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کے 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 8 جولائی سے ساؤتھمپٹن میں شروع ہوگا، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 16 جولائی سے اولڈ ٹریفورڈ میں جبکہ3 میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ 24 جولائی سے اولڈ ٹریفورڈ میں ہی شروع ہوگا۔تینوں میچز بائیو محفوظ مقامات پر بند دروازوں کے پیچھے کھیلے جائیں گے۔کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیو آئی) نے کہا کہ کھلاڑیوں کے کورونا وائرس کے لئے ٹیسٹ لئے جائیں گے جس کے بعد وہ 8 جون کو نجی چارٹرڈ پروازوں پر برطانیہ کے لئے روانہ ہوں گے۔کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیو آئی) نے ابتدائی 14 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے، اس کے علاوہ 11 اضافی کھلاڑی جو اسکواڈ کے ساتھ تربیت حاصل کریں گے اور ضرورت پڑنے پر متبادل کے طور پر دستیاب ہوں گے۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی قیادت جیسن ہولڈر (کپتان) کریں گے ۔