مسجد اقصیٰ پر یہود کے دھاوے‘ چھاپوں میں کئی فلسطینی گرفتار

202

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل فوج اور پولیس کے ہاتھوں مسجد اقصیٰ پر دھاووں کا سلسلہ تیز ہوگیا۔ گزشتہ روز 69 یہودی آباد کاروں نے فوج اور پولیس کی فول پروف سیکورٹی میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ قبلہ اول میں داخل ہونے والوں میں آباد کار، طلبہ اور صہیونی انٹیلی جنس کے افسرشامل تھے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی اوقاف کے ایک عہدے دار حسام سدر کو حراست میں لے لیا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق قابض پولیس نے باب حتا کے علاقے میں فلسطینی شہریوں پر حملہ کیا اور ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ ادھر عباس ملیشیا بھی فلسطینیوں پر ظلم ڈھانے میں پیچھے نہیں رہی اور مقبوضہ مغربی کنارے میں نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کئی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار کیے جانے والوں میں سابق اسیران، سیاسی و سماجی کارکن شامل ہیں۔