حکومت معیشت کے تمام شعبوں کو بلاتفریق ریلیف دیا جائے،سراج تیلی

354

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بزنس مین گروپ کے چیئرمین ( بی ایم جی ) و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی اور صدر کے سی سی آئی آغا شہاب احمد خان نے وزیراعظم عمران خان، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد اور وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر سے اپیل کی ہے کہ گنے چُنے شعبوں کو ریلیف دینے کی حکمت عملی کے بجائے جس سے مقامی معیشت اور درمیانی و کم آمدنی والے افراد کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا حکومت معیشت کے تمام تر شعبوںکو بلا تفریق ریلیف دے ۔ایک بیان میں سراج تیلی اور آغا شہاب نے زور دیتے ہوئے کہاکہ کورونا کی وبا کے باعث کاروباری اداروں اور صنعتوں کو خطیر نقصانات کا سامنا ہے اور وہ اپنے کاروبار کی بقا کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔کورونا کی وبا نے کسی بھی کاروبار یا صنعت کو نہیں بخشا لہٰذا ضروری ہے کہ چھوٹے یا بڑے کاروبار کو بلائے طاق رکھ کر تجارت وصنعت کے تمام شعبوں کو ریلیف دینے کا اعلان کیا جائے تاکہ کاروباری ادارے غیرمعمولی بحران اور معاشی دھچکوں سے بچ سکیں۔انہوں نے کہاکہ اسٹیٹ بینک کا اعلان کردہ ریلیف پیکیج بنیادی طور پر برآمدی سیکٹر یا مخصوص اور درمیانے درجے کے آجروں تک محدود ہے جبکہ ایس ایم ایز اور تقریباً تمام گھریلو صنعتوں اور اکثریت کاروباری اداروں کو اس پیکیج سے کوئی فائدہ نہیں پہنچا۔بیشتر کاروباری اداروں اور صنعت کو موجودہ حالات میں اپنی بقا کو قائم رکھنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے اور اگر انہیں بروقت ریلیف نہ دیا گیا تو خدشہ ہے وہ دیوالیہ پن کا اعلان کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔سراج تیلی نے کہاکہ چونکہ پورے کھیل کا انحصار صرف بقاپر ہے لہٰذا حکومت کو وقت ضائع کئے بغیر فوری طور پر ریلیف فراہم کرنا چاہیے بصورت دیگر کاروباری ادارے دیوالیہ ہو جائیں گے اور اس کے نتیجے میں معیشت ڈوب جائے گی۔