آم کی ابتدائی ایکسپورٹ کے اعداد وشمار نہ ہونے کے برابر ہیں

375

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورونا وائرس کی وباء نے پاکستانی آم کی روایتی ایکسپورٹ پر تباہ کن اثرات مرتب کئے ہیں اورآم کی ابتدائی ایکسپورٹ کے اعداد وشمار نہ ہونے کے برابر ہیں،پچھلے سال پاکستان نے مشرق وسطی ، یورپ ، امریکہ، جاپان ، آسٹریلیا اور دیگر ممالک میں ایک لاکھ چالیس ہزار میٹرک ٹن آم برآمد کیاتھاتاہم رواں سال یہی امکان ہے کہ 60 سے 70 ہزار میٹرک ٹن کے درمیان آم برآمدکیا جاسکے گا۔ آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل ایکسپورٹرز امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے ایک ممبر کے مطابق رواں سال پھلوں اور سبزیوں کی ایکسپورٹ پرمنفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور خصوصاً پھلوں کے ایکسپورٹرزکے بدترین معاشی حالات سے دوچار ہونے کا اندیشہ ہے کیونکہ برآمد کنندگان کو اس سال پھلوں کی برآمدات میں بڑے پیمانے پر کمی ہوگی ۔ایسوسی ایشن کے مطابق اس سال پاکستان سے آم کی برآمدات میں 35 فیصد کمی واقع ہو کر 40 فیصد رہ جائے گی۔