کورونا کی صورتحال گھمبیر ہوگئی،ہر گھر سے مریض آئیں گے،صوبائی وزیر صحت

264

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ کورونا کی صورت حال گمبھیر ہوگئی ہے، ہرگھر سے مریض سامنے آئیں گے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید82 افراد کورونا انفیکشن کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے جب کہ 4,688 نئے کیسز سامنے آئے وبا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 1770ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ دسمبر سے آنے والے تمام مسافروں کی ٹریکنگ کی، جتنے کورونا مریض آ رہے ہیں ان سب کی ٹریکنگ کر رہے ہیں۔ وزیر صحت سندھ کا کہنا تھا کہ13مئی کے بعد لوگوں نے ایس اوپیز کو نظر انداز کیا، آپس میں ملتے رہے، اس کی وجہ سے خطرناک صورت حال کی طرف جا رہے ہیں، کورونا کی صورت حال گمبھیر ہوگئی ہے، ہر گھر سے مریض سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث ہمیں بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی قلت کا سامنا ہوگا، صورت حال اتنی خراب ہو سکتی ہے کہ مریضوں کو بیڈز نہیں ملیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا سے اموات کے ساتھ ساتھ نئے کیسز کی شرح میں بھی خوف ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید82 افراد کورونا انفیکشن کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے جب کہ 4,688 نئے کیسز سامنے آئے۔ این سی او سی کا کہنا ہے کہ ملک میں وبا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 1770ہوگئی ہے، پاکستان میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد85 ہزار 264 ہوگئی، جب کہ ملک میں وبا کے 53 ہزار 366 مریض زیر علاج ہیں۔