سندھ کا سب سے تباہ حال محکمہ صحت ہے‘خرم شیر زمان

270

کراچی ( اسٹاف ر پورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیرزمان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباکو پاکستان میں پھیلے ہوئے سو دن مکمل ہوچکے ہیں لیکن حکومت سندھ نے اپنی ازلی نااہلی سے بہتر اقدامات کرنے کے بجائے کیسز میں اضافہ کیا ہے۔ انصاف ہائوس سے جاری کردہ اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں پہلاکورونا کیس 26 فروری کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا اب تک سندھ میں سندھ میں سو دن کے دوران 32ہزار910 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔سندھ حکومت کے پاس سرکاری ہسپتالوں کو بہتر بنانے کے اچھا موقع تھا لیکن انہوں نے نجی ہسپتالوں کو امداد دے کر سرکاری ہسپتالوں کی حالت کو مزید ابتر بنا دیا ہے۔ اس وقت سندھ کا سب سے تباہ حال محکمہ صحت کا ہے۔ سندھ کے سرکاری ہسپتالوں میں عوام کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز بھی رل رہے ہیں۔ ڈاکٹرز اور عملے کے پاس حفاظتی کٹس نہ ہونے کی وجہ سے وہ بھی تیزی سے کورونا وائرس کاشکار ہورہے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ سائیں سرکار نے سندھ کے عوام کو کورونا وائرس کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ لوگ سرکاری ہسپتال سے کورونا کا ٹیسٹ کرواتے ہیں تو مثبت آتا ہے جبکہ کسی نجی لیب سے کرواتے ہیں تو نتیجہ منفی آتا ہے۔ سندھ حکومت عوام کی زندگیوں سے کھیلنا بند کردے۔ سندھ کے عوام پیپلزپارٹی کی کرپٹ اورنااہل حکومت سے نجات چاہتے ہیں۔