کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے پولیس کے 8اہلکار شہید ہوچکے

211

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کورونا وائرس کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے کراچی پولیس کے8 افسران و جوان شہید ہوچکے ہیں۔اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران کراچی پولیس کے 250 افسران و جوانوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ کورونا وائرس سے متاثرہ 40 سے زائد پولیس افسر و اہلکار بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کے سبب صحت یاب ہوکر اپنے فرائض کی ادائیگی میں مصروف عمل ہیں۔ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی ہدایات پر انسانی جذبے کے پیش نظر کراچی پولیس کے کورونا وائرس سے متاثر ہوکر صحت یاب افسران و اہلکاروں کی جانب سے پلازمہ عطیہ کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔قومی ادارہ برائے امراض خون کے سربراہ ڈاکٹر طاہر شمسی نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ڈاکٹر طاہر شمسی نے پولیس افسران و جوانوں کی جانب سے پلازمہ کے عطیہ پر کراچی پولیس کا شکریہ ادا کیا اور جذبے کو سراہا۔ کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کی جانب سے پلازمہ عطیہ کرنے والے اہلکاروں کو 10 ہزار روپے تعریفی اسناد دینے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔