میئر اسلام آبادکی درخواست پروفاق کونوٹس جاری

158

اسلام آباد ( آن لائن ) اسلام آبادہائیکورٹ نے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی توہین عدالت کی درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کر دیا، سیکرٹری داخلہ میجر( ر)اعظم سلیمان، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کمیشن کیپٹن(ر) اصغر علی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے آج جواب طلب کر لیا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے احکامات جاری کیے، عدالت نے لوکل گورنمنٹ کمیشن کے3 جون کے اجلاس کی تفصیلات بھی طلب کر لیں۔ وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ21 مئی کو عدالت نے میئراسلام آباد کی معطلی کا نوٹیفکیشن معطل کر کے انہیں بحال کیا، لوکل گورنمنٹ کمیشن عدالت کے حکم کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ وزیراعظم آفس میں اجلاس ہوا، میئر اسلام آباد کو نہیں بلایا گیا، لوکل گورنمنٹ کمیشن کے اجلاس میں مجھے اپنے خلاف والے ایجنڈے کی حد تک بلایا گیا۔انہوں نے بتایاکہ لوکل گورنمنٹ کمیشن کے اجلاس میں شرکت کے لیے شام6 بجے واٹس ایپ میسج اور رات11 بجے ایجنڈے کی کاپی ملی۔ یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے مئیر اسلام آباد کو90 روز کے لیے عہدے سے معطل کر دیا تھا جس پر مئیر اسلام آباد شیخ انصر عزیز اس فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ چلے گئے تھے۔