کسی نے استعفا مانگانہ میں نے پیشکش کی،وزیر ہوابازی

148

لاہور(نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے طیارے کے حادثے کے بعدکسی نے استعفا مانگانہ میں نے پیشکش کی، طیارے کا ڈیٹا بکس اور وائس باکس مل گئے ہیں، ابتدائی انکوائری رپورٹ 22جون کو پبلک کردیں گے، مکمل رپورٹ میں 6ماہ لگ سکتے ہیں، طیارے میں سوار 97میں سے 94 مسافروں کی شناخت ہو چکی ، 3کی شناخت باقی ہے ۔ تمام شہدا کو 10,10لاکھ روپے کی ادائیگی ہو چکی ۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حادثے میں شہید ہونے والوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، طیارے میں محفوظ رہنے والوں سے بھی ملاقات کی ۔ انہوں نے کہا کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے تعیناتی بورڈ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے ۔ غیر ملکی تحقیقاتی ماہرین کی ٹیم نے طیارے کا ڈیٹا باکس اور وائس باکس تلاش کیا اور ساتھ لے گئی جو اس کا معائنہ کرے گی اور ان کی تفصیلات 1ہفتے میں آجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بھوجا ائر لائن اور حویلیاں طیارہ حادثے کی بھی انکوائری کرنے کا حکم دیا ہے، وفاقی وزیر نے کہا کہ حادثے میں گھروں میں کام کرنے والی 3لڑکیاں بھی جھلس کر جاں بحق ہوگئی تھیں ان کے لواحقین کو 5,5لاکھ ادا کردیے ہیں،انشورنس کی رقم کی منتقلی میں بھی 4سے 6ماہ لگ سکتے ہیں۔