سندھ اسمبلی :عید پر نئے کپڑوں کا نتیجہ کفن کی صورت میں سامنے آرہا ہے، پیپلز پارٹی

149

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کورونا کی صورتحال پر غور کے لیے بلائے گئے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے ارکان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے حکومت سندھ کے لاک ڈاؤن کے بیانیہ کو جان بوجھ کر بگاڑا گیا، عید پر نئے کپڑوں کا نتیجہ اب کفن کی صورت میں سامنے آرہا ہے، عوام کورونا سے مررہے ہیں اور وزیر اعظم نتھیاگلی کی سیر پر ہیں۔ اپوزیشن ارکان نے کہا کہ ملک میں کورونا کی وبانے ہر کسی کو متاثر کیا لیکن حیرت ہے کہ سندھ حکومت کی کرپشن پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوا، کورونا کے دوران سندھ حکومت نے راشن نہیں صر ف بھاشن دیا جس سے کسی کا پیٹ نہیں بھر سکتا۔ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے ایم کیو ایم کے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ سندھ حکومت وفاق کو الزام دینے سے بری الذمہ نہیں ہوسکتی۔ پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کورونا کی وبا کے دوران سندھ کے وزیر ڈر کر گھروں میں بیٹھے رہے جبکہ اپوزیشن کے ارکان نے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا اور وہ اپنے حلقوں میں لوگوں کے ساتھ رہے۔ایم کیو ایم پاکستان کے راشد خلجی نے کہا کہ ایم کیوایم نے روز اول سے نیک نیتی سے حکومتی اقدامات کی سپورٹ کی۔پیپلزپارٹی کے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کورونا پر کم از کم سیاست نہیں ہونی چاہیے تھی مگر ایسا نہ ہوسکا،پوائنٹ اسکورنگ سے گریز کیا جائے۔جی ڈی اے کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران ہم وزیر صحت سندھ کو ڈھونڈتے رہے،وزیر اعلیٰ عملی اقدامات سے زیادہ روزانہ حساب کتاب بتاتے رہے۔