گرینڈ ہیلتھ الائنس کاحکومت سندھ کو 3روزکا الٹی میٹم

176

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور نرسز پر مشتمل گرینڈ ہیلتھ الائنس نے مطالبات کی منظوری کے لیے حکومت سندھ کو 3روزکا الٹی میٹم دے دیا،مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں سندھ کے تمام سرکاری اسپتالوں میں 8 جون سے احتجاج شروع کیا جائے گا اور 11 جون سے مطالبات کی منظوری تک مکمل ہڑتال کی جائے گی۔گرینڈ ہیلتھ الائنس کے ترجمان اورینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (وائی ڈی اے) سندھ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محبوب علی نوناری کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت جھوٹے دعوے کر رہی ہے، اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز موجود نہیں ہیں۔ قومی ادارہ برائے اطفال میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے زیر انتظام ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈکس کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس کی گئی۔ پریس کانفرنس میں ڈاکٹرز کی جانب سے ڈاکٹر محبوب علی نوناری، ڈاکٹر محمد خان شر، نرسز کی جانب سے سید شاہد اقبال، عطا حسین راجپر، ہیرا لال ہتیش اور پیرا میڈیکس کی جانب سے اخلاق احمد، غازی ابڑو، سید ارشد شاہ اور شریف پالاری موجود تھے۔ پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر محبوب علی نوناری کا کہنا تھا کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کی بنیاد گزشتہ پیر کو رکھی گئی، ہم نے متعدد بار احتجاج کیا اور سندھ حکومت کے سامنے مطالبات رکھے ہیں، اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز موجود نہیں ہیں، سندھ حکومت جھوٹے دعوے کر رہی ہے۔ ڈاکٹر محبوب علی نوناری نے سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سلامی اور سلیوٹ کی ضرورت نہیں ہے، لاک ڈاؤن میں نرمی سے عوام کے ساتھ ڈاکٹرز بھی متاثر ہوں گے، پیرامیڈیکل اسٹاف کے لیے علیحدہ آئسولیشن سینٹر قائم کیا جائے اور نرسز کو ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نرسز، ڈاکٹروں کے لیے سروس اسٹرکچر تشکیل دیا جائے، دوران ڈیوٹی کورونا سے شہید ہیلتھ ورکرز کے خاندان کو شہدا پیکج اور ہیلتھ ورکرز کو اسپتالوں میں سیکورٹی دی جائے،اسپتالوں میں رینجرز کی چوکیاں بنائی جائیں۔ ڈاکٹر محمد خان کا کہنا تھا کہ کورونا سے دفاع کا پہلا مورچہ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل ہیں، سندھ حکومت کو بات سمجھ نہیں آرہی، سندھ حکومت ہیلتھ ورکرز کو سولی چڑھا رہی ہے، سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کا رش ہے، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے اصولوں پر عمل نہیں ہو رہا۔