بھارتی خفیہ اہلکاروں کی پاکستانی ہائی کمشنر سے بدتہذیبی، گاڑی روک لی

148

نئی دہلی(صباح نیوز)بھارت نے سفارتی آداب کی ایک بار پھر دھجیاں اڑا دیں، نئی دہلی میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کر دیا گیا۔باوثوق ذرائع کے مطابق نئی دہلی میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے حکام کی جانب سے پاکستانی ناظم الامور اور قائم مقام ہائی کمشنر کا راستہ روک کر بدتہذیبی کی گئی۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سینئر سفارتکار دفتر سے گھر جا رہے تھے۔ پاکستان نے واقعے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی اقدام ویانا کنونشن برائے سفارتی تعلقات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ دنوں بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن کے 2 اہلکاروں کو 24گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا تھا۔عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارتی اقدام پاکستانی ہائی کمیشن کی سفارتی سرگرمیوں کو روکنے کی کوشش ہے۔ بھارت ان اقدامات سے اندرونی اور بیرونی مسائل سے توجہ نہیں ہٹا سکتا اور نہ ہی مقبوضہ کشمیر میں خلاف ورزیوں پر پردہ ڈال سکتا ہے۔