سعودی عرب: عورتوں سے متعلق مقدمات کیلئے خواتین وکلاء تعینات

631

ریاض: سعودی شاہی فرمان پر عورتوں سے متعلق مقدمات کی پیروی کیلئے 53 خواتین کو پبلک پراسیکیوشن کے محکمے میں تعینات کردیا گیا۔

 العربیہ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن کے محکمے میں تعینات کی گئیں خواتین ملک بھر میں پبلک پراسیکیوشن کی مختلف شاخوں میں اپنے فرائض انجام دیں گی جبکہ عورتوں سے متعلق مقدمات میں تحقیق و تفتیش کی خدمات بھی انجام دیں گی۔

سعودی پبلک پراسیکیوشن کے ترجمان ڈاکٹر ماجد الدسیمانی کا کہنا ہے کہ خواتین کی تقرری کا فیصلہ سعودی عرب کی ترقی کے حوالے سے 2030 کے  وژن کے تحت کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے خواتین کو کئی شعبوں مزید آگے بڑھنے کا اور مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کا موقع ملے گا جبکہ مستقبل میں حکومت کی جانب سے سعودی خواتین کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔