ترقیاتی فنڈز جاری نہ کرنے پر عبدالقادر پٹیل کی فوری سماعت کی استدعا مسترد

636

کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کی جانب سے ترقیاتی فنڈز جاری نہ کرنے کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی
کے رکن قومی اسمبلی عبد القادر پٹیل کی فوری سماعت کی استدعا مسترد کردی۔ جسٹس عمرسیال کی سربراہی میں 2 ر کنی بینچ نے دائر درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دےے کہ کراچی کے عوام کی کسی کو فکر نہیں‘ اگر اراکین اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز مل بھی گئے تو اپنی جیبوں میں ڈال لیں گے‘ عوام اور ترقیاتی منصوبوں کی اراکین اسمبلی کو کتنی فکر ہے وہ ہمیں بھی معلوم ہے۔ دائر درخواست میں وفاقی حکومت اور وفاقی سیکرٹری خزانہ و دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ وفاق نے کراچی کے 21 اراکین قومی اسمبلی میں سے 18 کو فنڈز جاری کردیے لیکن انہیں نہیں کیے ہیں لہٰذا استدعا ہے کہ عدالت وفاقی حکومت کو پیپلزپارٹی کے اراکین قومی اسمبلی کو بھی فنڈز جاری کرنے کا حکم دے۔