انتقام میں اندھے حکمرانوں نے آئین کی دھجیاں بکھیر دیں، رانا ثنااللہ

146

لاہور (آن لائن) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور رکن اسمبلی رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے انتقام میں اندھے ہو کر آئین اور قانون کی دھجیاں بکھیر دی ہیں، حکومت کی جانب سے ملک کی اپوزیشن کے خلاف حکومت بدترین انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف ایک محب الوطن شہری ہیں جو مختلف رکاوٹوں کو کراس کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ پہنچے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ جب لاہور ہائیکورٹ جا رہے تھے تو ریگل چوک پر ناکہ لگائے پولیس نے انہیں روک لیا اور ان کی گاڑی چیک کرنے کی کوشش کی۔ جس پر میں نے مزاحمت کی اور کہا کہ جب تک میڈیا نہیں آئے گا میں گاڑی کی تلاشی نہیں دوں گا، مجھے خوف ہے کہ یہ دوبارہ میری گاڑی میں منشیات نہ رکھ دیں اور میڈیا کے آنے پر ان کی گاڑی کو وہاں سے جانے کی اجازت دیدی گئی۔