پی پی کا اے پی سی بلانے کا اعلان‘ سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع

153

لاہور ( این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی نے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کرتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کر دےے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس جیسے سنگین بحران پر رہنمائی دینے میں بری طرح ناکام رہی ہے‘ حکومت کی مسلسل ناکام پالیسی نے عوام میں مایوسی پیدا کی ہے‘حکومت نے صوبوں کے ساتھ محاذ آرائی کرکے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا‘ 18ویں ترمیم اور این ایف سی سے چھیڑ چھاڑ کر کے نیا بحران پیدا کیا جا رہا ہے اور وفاق نے این ایف سی کے نوٹیفکیشن میں اس حوالے سے واضح اشارہ دیا ہے‘ سندھ حکومت پہلے ہی اس بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کرچکی ہے۔ انہوںنے کہا کہ حکمران کورونا کے بعد ٹڈی دل کی روک تھام میں بھی بری طرح ناکام رہے ہیں‘ یکطرفہ اور امتیازی احتساب سے مخالف سیاسی جماعتوں کو ختم کرنے کی سازش جاری ہے‘ پیپلز پارٹی نے اس بارے میں متفقہ لائحہ عمل کے لےے اے پی سی بلانے کا فیصلہ کیا ہے‘ اس حوالے سے پنجاب کی سطح پر بہت جلد اے پی سی منعقد ہوگی‘ پیپلزپارٹی اس موضوع پر تمام صوبوں میں اے پی سیز منعقد کر ے گی‘ پنجاب میں اے پی سی کے لےے تمام جماعتوں سے رابطے شروع کر دےے گئے ہیں‘ پیپلز پارٹی حکمرانوں کو صوبائی خودمختاری تباہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔