ایس ایس پی جامشورو کی پولیس افسران کو ناقص کارکردگی پر سخت سرزنش

284

کوٹری (پ ر) ایس ایس پی جامشورو نے امن وامان کی صورتحال اور لاک ڈاؤن پر مکمل عملدرآمد کرانے کے لیے افسران کا ہنگامی اجلاس بلوا لیا۔ پولیس افسران کو ناقص کارکردگی پر سخت سرزنش کا سامنا۔ افسران کو کارکردگی بہتر بنانے اور لاک ڈاؤن پر مکمل عملدرآمد کرانے کی ہدایت۔ کوتاہی اور غفلت کے مرتکب افسران کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، امجد احمد شیخ۔ ایس ایس پی جامشورو امجد احمد شیخ کی سربراہی میں امن وامان اور لاک ڈاؤن پر مکمل عملدرآمد کرانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے ڈی ایس پیز ایس ایچ اوز سمیت مختلف شعبہ جات کے انچارجز نے شرکت کی۔ ایس ایس پی جامشورو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افسران کو متنبہ کیا کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی کوتاہی یا لاپروائی سے اجتناب کریں گے، اگر کسی بھی افسر کیخلاف عوامی شکایت موصول ہوئی تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ لاک ڈاؤن پر سندھ حکومت کے احکامات پر من وعن عمل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سے سماجی فاصلہ اور ایس او پی کی مسلسل خلاف وزیاں نظر آرہی ہیں، جس پر فوری قابو پانے کے لیے شہریوں اور کاروباری حضرات سے سماجی فاصلہ اور ایس او پیز پر عمل کرنے پر زور دیا جائے اور شہریوں سے احسن طریقے سے پیش آیا جائے کیونکہ شہریوں کو ڈنڈے کے زور پر نہیں خلوص اور محبت سے قائل کیا جاسکتا ہے اور انہیں باور کرایا جائے کہ سندھ حکومت کے اقدامات زندگیوں کو بچانے کے لیے عمل میں لائے جارہے ہیں۔ امجد احمد شیخ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سندھ حکومت کے احکامات پر عمل کرکے جامشورو پولیس کاساتھ دیں تاکہ عالمی وبا سے نمٹنا جاسکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی جامشورو پولیس کی کاکردگی سے ناخوش ہیں اور تواتر کے ساتھ عوامی شکایات اور امن وامان کی صورتحال میں تنزلی کے سبب جامشورو پولیس کا مورال بھی متاثر ہورہا ہے، جس پر ایس ایس پی جامشورو نے افسران کو سرزنش کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنا قبلہ درست کرلیں۔