حیدرآباد،ضلعی انتظامیہ کی غفلت ،پیٹرول بوتلوں میں فروخت

251

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد میں تیسرے روز بھی پیٹرول پمپ بند، ضلعی انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت، پمپ بند کرکے پیٹرول بوتلوں میں 160 روپے لیٹر تک فروخت کیا جارہا ہے، حیدر آباد میں تیسرے روز بھی پیٹرول پمپ مالکان کی ہٹ دھرمی کے باعث پمپ بند کردیے گئے ہیں، جس کے باعث عوام کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔ کاروبار زندگی بری طرح متاثر ہوگیا ہے، لاکھوں موٹر سائیکل سوار پریشان ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کررہی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد ابراہیم ارباب نے گزشتہ روز فردوس پیٹرول پمپ کھلوایا تھا جو کہ چل رہا ہے۔ واحد پیٹرول پمپ ہونے کے باعث یہاں رش کے باعث پیٹرول ختم ہوگیا جبکہ شہر کے دیگر پیٹرول پمپ بند پڑے ہیں، ان کے قریب ہی کچھ لوگ غیر قانونی طور پر پیٹرول کی بوتلوں اور تھیلیوں میں فروخت کررہے ہیں۔ مختار پیٹرول پمپ نمبر 4 کے قریب چھوٹے بچے پیٹرول کی 250 ایم ایل کی بوتل پچاس روپے میں فروخت کرکے عوام کی مجوری کا فائدہ اٹھا رہے ہیں جبکہ پیٹرول کی کوالٹی بھی غیر معیاری ہے، یہ ہی صورتحال فضل ٹاؤن قبرستان کے ساتھ واقع پیٹرول پمپ کی ہے، جہاں برابر پیٹرول فروخت کیا جارہا ہے۔ اس پیٹرول پمپ کے سامنے بی سیکشن تھانہ بھی موجود ہے۔ لیاقت کالونی، پریٹ آباد، لطیف آباد نمبر 12,11 سمیت دیگر علاقوں میں بھی غیر قانونی طریقے سے بوتلوں میں پیٹرول فروخت کیا جارہا ہے، جس کی قیمت ہر جگہ مختلف ہے۔ 76 روپے والا پیٹرول 160 روپے لیٹر تک فروخت ہورہا ہے۔ شہریوں نے اس حوالے سے انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی پیٹرول کی قیمت میں پچاس روپے کی کمی کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ رہے تھے اور ٹرانسپورٹ سمیت کسی بھی چیز میں کمی نہیں ہوئی تھی، اس کے بعد اب پیٹرولیم بحران نے عوام کو لاک ڈاؤن میں سخت پریشان کردیا ہے۔ حکومت فوری نوٹس لے کر ذمے داران کیخلاف کارروائی کرے۔