نجی اسپتالوں کے منتظمین کورونا کی روک تھام کیلئے انتظامیہ سے تعاون کریں،فواد غفار

162

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حیدر آباد فواد غفار سومرو نے حیدرآباد کے تمام نجی اسپتالوں کے منتظمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کریں۔ یہ ہدایت انہوں نے شہباز ہال میں حیدر آباد کے تمام نجی اسپتالوں میں موجود طبی سہولیات اور وہاں کورونا وائرس کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ انہوں نے نجی اسپتالوں کے سربراہوں کو محکمہ صحت حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے نجی اسپتالوں کی انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی وہ اپنے اسپتالوں میں او پی ڈیز میں آنے والے مریضوں کی اسکریننگ کے نظام کو بہتر بنائیں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم سے کم کیا جاسکے۔ ڈی سی نے پرائیویٹ اسپتالوں کی انتظامیہ کو مزید ہدایت کی کہ وہ کورونا کے مشتبہ مریضوں سے متعلق معلومات ڈپٹی کمشنر آفس کو فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں یہ بھی شعور بیدار کیا جائے کہ کورنا وائرس ایک حقیقت ہے جس سے نمٹنے کا واحد حل صرف احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہے۔ اس موقع پر نجی اسپتالوں کے سربراہان نے ڈپٹی کمشنر حیدر آباد کو اپنے اپنے اسپتالوں میں موجود طبی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر یو ٹی صدام میمن اور محکمہ صحت کے افسران سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔