جیکب آباد میں پینے کے پانی کا بحران، شہری عدالت پہنچ گیا

1148

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں پینے کے پانی کا بحران، شہری عدالت پہنچ گیا، ڈی سی، ایس ایس پی، بلدیہ چیئرمین، ایم ایس ڈی پی ایکسین سیپکو کو فریق بنایا گیا، کیس کی سماعت پر پیش نہ ہونے پر ایکسین سیپکو کے گرفتاری وارنٹ جاری۔ جیکب آباد میں پینے کے پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے، شہر میں پانی کی قلت کیخلاف ایک شہری عدالت پہنچ گیا، درخواست گزار شہری نے ڈی سی، چیئرمین بلدیہ، ایس ایس پی، ایم ایس ڈی پی، ایکسئین سیپکو کو فریق بنایا ہے، شہر ی کی درخواست پر فرسٹ سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ امتیاز حسین لاکھیر کی عدالت میں سماعت ہوئی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر ناصر عباسی، چیئرمین بلدیہ آصف مغیری، ایم ایس ڈی پی کے ثناء اللہ اور پی ڈی ایس پی پیش ہوئے، جج نے ایکسئین سیپکو کے پیش نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایکسئین سیپکو اور ایس ڈی او کے قبل از ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کرتے ہوئے سماعت 6 جون تک ملتوی کردی۔ عدالت نے پانی کے حوالے سے شہر کے سٹی، سول لائن، ایئر پورٹ اور صدر تھانہ سے بھی رپورٹ طلب کی ہے۔ اس سلسلے میں بلدیہ کی جانب سے عدالت میں پیش ہونے والے وکیل عبدالکریم لاشاری نے بتایا کہ شہر میں پانی کے بحران پر ایک شہری عبدالخالق پٹھان نے درخواست عدالت میں دی ہے جس پر سماعت ہوئی۔ ایکسئین سیپکو اور ایس ڈی او کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر گرفتاری وارنٹ جاری کیے گئے ہیں اور سماعت 6 جون تک ملتوی کردی گئی ہے۔