سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد تک اضافے کا امکان

654

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد تک اضافے کا امکان، ملازمین کے میڈیکل الائونس اور ہائوس رینٹ میں بھی اضافے کا امکان۔ حکومت نے آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کو بھی ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ وفاقی حکومت گریڈ ایک سے لے کر 16 تک کے ملازمین کی تنخواہ میں 15 فیصد تک اور گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین کی تنخواہ میں 10 فیصد اضافہ کرسکتی ہے، جبکہ یہ تجویز بھی زیر غور ہے کہ بجٹ سال 2020-2021 ء میں تمام ملازمین کے ہائوس رینٹ اور میڈیکل رینٹ میں بھی 20 فیصد تک اضافہ کیا جائے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ تنخواہوں میں ہونے والا اضافہ پہلے سے ملنے والے دو ایڈہاک ریلیف تنخواہ میں ضم کرکے اس کے بعد بننے والی بنیادی تنخواہ پر دیا جائے گا، تاکہ سرکاری ملازمین کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ہوسکے۔ تنخواہ میں اضافے کے بعد گریڈ ایک سے لیکر گریڈ دس کے ملازمین کو تین ہزار سے 5 ہزار تک ماہوار فائدہ ہوسکتا ہے، جبکہ اس سے اوپر کے ملازمین کو زیادہ فائدہ ہوگا۔ اضافی تنخواہ جولائی کی تنخواہ میں دی جائے گی۔