قطر ائر ویز کا 15جون تک پاکستان کے لیے شیڈول پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان

104

کراچی (نمائندہ جسارت ) قطر ائرویز نے 15 جون تک پاکستان کے لیے اپنی شیڈول پروازیں منسوخ کردی ہیں تاہم قطر ائرویز کی خصوصی پروازیں جاری رہیں گی جس کے ذریعے قطر میں موجود پاکستانی وطن واپس آسکیں گے۔قطر ائرویز نے اعلان کردہ پروازوں کی منسوخی کی کوئی وجہ نہیںبتائی ہے تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسے معمول کی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسافروںکی کمی کی وجہ سے پی آئی اے سمیت غیرملکی فضائی کمپنیاں مسلسل اپنی پروازیں منسوخ کررہی ہیں ۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوگا فلائٹ آپریشن خود بہ خود معمول پر آجائے گا ۔ ایوی ایشن کے ذرائع کے مطابق قطر کی پروازوںکی منسوخی کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ گزشتہ دنوں قطر ائرویز کی ایتھنز پہنچنے والی پرواز میں9 اور ہانگ کانگ پہنچنے والی پرواز میں 24 پاکستانی مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ۔