وفاق کورونا کیسز میں اضافے سے پریشان سخت لاک ڈائون کا انتباہ

169

اسلام آباد/کراچی/گوجرانوالہ/پشاور/خیرپور (خبرایجنسیاں +اسٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت نے ملک میں کورونا کیسز کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر اسمارٹ لاک ڈاؤن میں سختی کا انتباہ کیا ہے۔ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال پروزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں لاک ڈاؤن سخت کرنے کے آپشن پر غورکیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں عوام کو کورونا سے بچانے کے لیے ضابطہ اخلاق پرعمل کرانے کی تلقین کی جائے گی، چاروں صوبوں اورآزاد کشمیرگلگت بلتستان کی سیاسی قیادت عوام کوایس او پیز پر عملدرآمد کی تلقین کرے گی۔ذرائع کے مطابق سیاسی قیادت کے ذریعے عوام کو ایس اوپیزپرعملدرآمد کی تلقین کی جائے گی، ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا گیا تولاک ڈاؤن سخت کیا جائے گا۔واضح رہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سے ملک میں کورونا کیسزکی تعداد میں ہولناک اضافہ ہے اور ایک ماہ میں مصدقہ مریض دگنے سے زائد ہوگئے ہیں۔بدھ کو تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن میاں جمشید الدین کاکاخیل اور ن لیگ سے تعلق رکھنے والے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظورچیمہ، خیرپور میں اسسٹنٹ سول سرجن ڈاکٹر شفقت علی شیخ اور کراچی میں وفاقی جامعہ اردو کے لیب اسسٹنٹ سید توقیر علی کورونا وائرس سے جاں بحق ہوگئے،ملک بھر میں ایک روز میں 75اموات ہوئیں جب کہ ایک ہی دن میں 4ہزار 131نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ادھر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا کیسز میں اضافے کے بعد وفاقی دارالحکومت کے 9 مقامات سیل کر دیے ہیں جس کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ جن علاقوں کو سیل کیا گیا ہے ان میں سعودی پاک ٹاور ہواوئے ٹیچ، بلیو ایریا اسلام آباد، پاکستان سپورٹس بورڈ اسلام آباد، گل راجگاں چٹھہ بختاور، نیشنل پولیس فائونڈیشن ای الیون فور، آئی ٹین کی دو گلیاں، جی نائن فور سٹریٹ111، جی سیون ٹو اسلام آباد سٹریٹ 54، جی سکس فور سٹریٹ 62 اور پی ڈبلیو ڈی کالونی شامل ہیں۔ دوسری جانب پشاور میں کورونا وائرس کے پھیلاو کے باوجود ماسک نہ پہننے پر جرمانہ شروع کر دیا گیا، شہری کو احکامات نہ ماننے پر ایک ہزار روپے کی رسید تھمائی گئی۔ادھر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلی ہاؤس سے جاری بیان میں کہا ہے کہ پہلی بار سب سے زیادہ 7547 نمونے ٹیسٹ ہوئے جس میں سب سے زیادہ تعداد 1824 نئے کیسز کی تشخیص ہوئی،جب بھی ہم نے زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کروائے ہیں تو مزید کیسوں کا پتا چلاہے اس کا مطلب یہ ہے کہ مقامی ٹرانسمیشن صوبہ بھر میں پھیل گئی ہے۔