ملک میں پیٹرول کی فراہمی میں تعطل احتجاج مظاہرے , 6 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو شوکاز

177

اسلام آباد،کوئٹہ(نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں تعطل کے باعث آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 گھنٹے میں جواب طلب کرلیا۔ترجمان اوگرا عمران غزنوی کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے شیل پاکستان لمیٹڈ، اٹک پیٹرولیم لمیٹڈ اور ٹوٹل پارکو پاکستان لمیٹڈ کو نوٹس جاری کیے۔بعدازاں وزیراعظم سٹیزن پورٹل پر ریٹیل آؤٹ لیٹس پر تیل کی فراہمی میں قلت کی شکایات پر اوگرا نے مزید 3 آئل مینوفیکچرنگ کمپنیز گیس اینڈ آئل، پوما اور ہیسکول کو بھی شوکاز نوٹس جاری کردیا۔اتھارٹی کی جانب سے مذکورہ آئل مارکیٹنگ کمپنیز سے 24 گھنٹے میں جواب طلب کرلیا۔علاوہ ازیں اوگرا کی جانب سے چاروں صوبائی، گلگت اور آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز کو ارسال خط میں آگاہ کیا کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں لائسنس یافتہ او ایم سیز کے پیٹرول پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات کی قلت سے متعلق رپورٹ کیا جارہا ہے جس کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔اس میں کہا گیا کہ وزرات توانائی کی ہدایات کی روشنی میں اوگرا پہلے ہی او ایم سیز کو مصنوعات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی۔اوگرا نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسرز(ڈی سی اوز)کو اپنے دائرہ کار میں ذخیرہ اندوزی میں ملوث پیٹرول پمپس کے خلاف پرائس کنٹرول اینڈ پریوینشن آف پروفیٹرنگ ایںڈ ہورڈنگ ایکٹ 1977 کے تحت کارروائی کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔علاوہ ازیں ایسے ریٹیل آئوٹ لیٹس کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی جاتی ہے تاکہ اوگرا، او ایم سیز یا ڈیلر کے خلاف ضروری کارروائی کرسکے۔علاوہ ازیں کراچی ،حیدر آباد ،لاہور،پشاور،کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پٹرول کی قلت اور پمپس بند ہونے کے خلاف شہریوں نے شدید احتجاج کیا ۔آل بلوچستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئر مین حاجی ولی محمد اور صدرسید قیام الدین آغا نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنو عات کی مصنو عی قلت کے ذمہ دار پمپس ما لکان نہیں بلکہ نجی پیٹرولیم کمپنیاں ہیں،کسی بھی پمپ ما لک نے جان بوجھ کر ازخود پمپ بند نہیں کیا بلکہ پیٹرول کمپنیاں پیٹرولیم مصنو عات مہنگے داموںبیچنے کے لیے لوڈ گاڑیاں خا لی کر نے کو تیار نہیں،اوگرا اور وزارت پیٹرولیم اور صو با ئی حکومت پٹرول کی قلت کا نوٹس لیں ۔بدھ کے روز کو ئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہو ئے آل بلوچستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئر مین حاجی ولی محمد اور صدرسید قیام الدین آغاو دیگر کا کہنا تھا کہ ما ہ رمضان سے ہی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے تیل کی مصنوعات میں کمی کرنا شروع کردی تھی بلکہ یکم جون سے پی ایس او کمپنی کے علاوہ تمام کمپنیوں کو تیل کی سپلائی بند ہے اس وقت بھی شیل کمپنی کی گاڑیاں لوڈ کھڑی ہونے کے باوجود پمپس کوتیل کی سپلائی نہیں دے رہی۔ دوسری جا نب صو با ئی دارالحکومت کو ئٹہ میں پیٹرول کا حصول عوام اور ٹرانسپورٹرز کے لئے جو ئے شیر لا نے سے کم نہ تھا لو گ نوٹر سائیکلوں رکشوں، گاڑیوں میں پیٹرولیم مصنوعات کے حصول کے لئے شہر بھر میں گھومتے نظر آ ئے بلکہ بعض پمپس پر جہاں پیٹرولیم مصنوعات دستیاب تھی وہاں گاڑیوں ، رکشوں، مو ٹر سائیکلوں کی لمبی لمبی قطا ریں دیکھنے کو ملیں۔