اللہ کی طرف سے کورونا ایک بڑی آزمائش ہے ،وزیراعلیٰ سندھ

101

کراچی (نمائندہ جسارت )وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا کو اللہ تعالیٰ کی ایک آزمائش قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وبا ہم سے ہمارے پیارے چھین رہی ہے، اس سے ہمیں لڑنا نہیں بلکہ احتیاط کرتے ہوئے خود کو بچانا ہے،مرتضیٰ بلوچ کے انتقال پر بہت دکھ اور افسوس ہے۔وہ بدھ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سندھ کے وزیر کچی آبادی مرتضیٰ بلوچ کی کورونا سے وفات پر انہیں خراج عقیدت پیش کررہے تھے۔مرادعلی شاہ نے پیپلز پارٹی کے دیرینہ رفیق اور سابق صوبائی وزیر مرتضیٰ بلوچ کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ 2 مرتبہ رکن اسمبلی رہے،کابینہ کے ہر اجلاس میں ہنستے ہوئے اپنا موقف پیش کرتے تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کورونا وائرس کو اللہ کی طرف سے ایک بڑی آزمائش قراردیتے ہوئے کہا کہ کورونا سے ہمیں لڑنا نہیں بچنا ہے،لڑنے کا لفظ درست نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا ہمارے پیارے چھین رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی اپنے خطاب کے دوران آواز بھر ا گئی اور وہ آبدیدہ ہوگئے۔انہوں نے گلو گیر لہجے میں کہا کہ میں زیادہ نہیں بول پائونگا بولا تو رو پڑئونگا۔انہوں نے اپنے خطاب میں کورونا کی وبا کے دوران شہید ہونے والے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ طبی عملہ، رینجرز، پولیس کے جوانوں اور افسران نے آزمائش کی گھڑی میں اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر فرائض انجام دیے جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں معزز رکن کے انتقال پر اجلاس ملتوی کرنا چاہیے تھا ۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ اس ضمن میں انہوں نے اسپیکر صاحب کو فون بھی کیا تھا لیکن افسو س کہ آج ہماری روایت ٹوٹ گئی،اجلاس میں کوئی کارروائی نہیں ہوتی تو بہت اچھا تھا ۔وزیر اعلیٰ نے اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر صاحب آج ہماری اسمبلی کی روایت ٹوٹ گئی اور1973ء کے بعد پہلی بار یہ روایت ٹوٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی درخواست ہے کہ اجلاس ملتوی کردیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے شرمیلا فاروقی کا نام لیے بغیر حلف برداری پر سخت اظہار ناراضگی کیا اور کہا کہ مجھے بہت دکھ اور افسوس ہوا ہے۔اس موقع پر قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ہم اسمبلی روایت کو توڑنا نہیں چاہتے اجلاس ملتوی کردیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔بعدازاں مرتضیٰ بلوچ کو خراج عقیدت اور تعزیت کی قرارداد وزیر اعلیٰ کی جانب سے اسمبلی میں پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مرتضیٰ بلوچ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ قرارداد کی منظوری کے بعد اسپیکر آغا سراج درانی نے اجلاس(آج)جمعرات کی صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا۔