تباہ شدہ طیارے کا انجن اور لینڈنگ گئیر تاحال ملبے سے نہیں نکالے جاسکے

491

کراچی (نمائندہ جسارت ) کراچی میں جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کے قریب ماڈل کالونی کے علاقے میں 22 مئی کو تباہ ہونے والے جہاز کے اہم ترین حصے انجن اور لینڈنگ گیئر ابھی تک ملبے سے نہیں نکالے جاسکے ہیں ۔ جہاز کے یہ حصے مکانات کی بالائی منزلوں پر کچھ اس طرح سے پھنس گئے ہیں کہ انہیں نکالنے کی صورت میں مکانات کے گرنے کا خدشہ ہے ۔ پی آئی اے نے ملبے سے طیارے کے ان حصوں کو نکالنے کے لیے سول انجینئروں کی بھی خدمات حاصل کی تھیں مگر ابھی تک ساری کوششیں بے نتیجہ رہی ہیں ۔ تباہ ہونے طیارے A320 کا ایک انجن اور لینڈنگ گیئر کا کچھ حصہ ایک مکان کی بالائی منزل پر موجود ہے ۔ یہ مکان پی آئی اے کے ایک سینئرپرسن کی ملکیت ہے ۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے ٹیکنیکل گرائونڈ سپورٹ،انجینئرنگ اور سی اے اے کی ٹیمیں تعمیراتی ماہرین کے ساتھ حکمت عملی بنارہی ہیں۔طیارے کے انجن کی چھت سے دیگر ملبے کے ساتھ منتقلی کے بعد نقشہ ترتیب دیا جائے گا۔نقشے کی ترتیب کے بعد کراچی میں موجود اے اے آئی بی کی ٹیمیں اس پر مزید تحقیقات کریں گی ۔ تحقیقات میں ہونے والی اپ ڈیٹ سے ائر بس ماہرین کو بھی آگاہ رکھا جائے گا۔