چینی اسکینڈل رپورٹ پر عملدرآمد میں رکاوٹ عمران اور بزدار ہیں، لیاقت بلوچ

141

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور مجلس قائمہ سیاسی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ چینی اسکینڈل رپورٹ کو منظر عام پر آئے ہوئے 15 دن ہوگئے ہیں لیکن ابھی تک تمام دعوئوں کے باوجود کوئی عملی کارروائی نہیں ہوئی ۔ رپورٹ پر عملدرآمد میں رکاوٹ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب ہیں ۔ عملدرآمد کی صورت میں سبسڈی دینے والوں کے خلاف کارروائی کی آواز اٹھے گی ۔ پی پی پی ، مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی حکومتوں میں مسلسل یہ دھندا جاری ہے ۔ اقتصادی نظام کی خرابی اور بے تدبیری کی اصل جڑ فل ٹائم وزیر خزانہ کا نہ ہونا ہے ۔وزارت خزانہ کی خرابیوں اور عوام کی جیبوں پر ڈاکا زنی کے ذمے دار وزیراعظم عمران خان ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں حالات انسانی المیوں کو جنم دے رہے ہیں ۔ شہدا ، گرفتار کشمیریوں اور لاپتاافراد کی تعداد بڑھتی جارہی ہے ۔ پوری دنیا نوشتہ دیوار پڑھ لے کہ جموں و کشمیر کے عوام بھارتی فاشسٹ مودی کے ہتھکنڈوں کے سامنے سرنڈر نہیں کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ عالمی برادری مجرمانہ خاموشی ، غفلت ترک کرے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت دلایا جائے ۔ عمران خان حکومت کشمیریوں کو مایوس کر رہی ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ افغانستان کو پھر امریکا ، بھارت اور اسرائیل کے مفادات اور سازشوں کا مرکز بنادیا گیاہے ۔ افغانستان میں قیام امن کو کوسوں دور دھکیلا جارہاہے ۔ افغانستان کی سرزمین بیرونی طاقتوں اور مداخلتوں سے پاک کی جائے ۔ افغانستان میں نئی تباہی نئی بربادی لائے گی اور پورا خطہ متاثر ہوگا ۔