ٹرمپ کی مودی کو جی سیون اجلاس کی دعوت پر چین کا اعتراض

254

نئی دہلی بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کو جی سیون اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ گروپ کا سالانہ سربراہ اجلاس رواں برس مارچ یا اپریل میں متوقع تھا، تاہم کورونا وائرس کے باعث تاخیر کا شکار ہوگیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق بھارتی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دونوں رہنما¶ں کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں نریندر مودی نے امریکی صدر سے کہا کہ جی سیون اجلاس کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے بھارت کو امریکا اور دیگر ممالک کے ساتھ کام کرنے پر خوشی ہوگی۔ادھر وائٹ ہاو¿س سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ اور بھارتی وزیرِ اعظم کے درمیان جی سیون اجلاس، کرونا وائرس کی صورتِ حال اور علاقائی سیکورٹی کے مسائل پر گفتگو ہوئی، تاہم بیان میں دعوت سے متعلق کوئی بات نہیں کی گئی۔ دوسری جانب چین نے بھارت سمیت دیگر ممالک کو جی سیون میں شامل کرنے کے منصوبے پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بیجنگ کے خلاف دائرہ تنگ کرنے کی کوئی بھی کوشش ناکام اور غیر مقبول ہو گی۔ ایک بھارتی تجزیہ کار رہیس سنگھ نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ بھارت اور دیگر ممالک کو جی سیون میں اس لیے شامل کرنا چاہتے ہیں تاکہ چین کو تنہا کیا جا سکے۔