مخصوص شعبوں کو استثنیٰ دینے کے بجائے یکساں ٹیکس نظام لایا جائے، صدرکاٹی

143

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی )کے صدر شیخ عمر ریحان نے کہا کہ حکومت ٹیکس کے نظام میں کسی بھی شعبے یا طبقے کوحاصل استثنی ختم کرے، پورے ملک میں ٹیکس کانظام یکساں نظام ہونا چاہیے، کیوں کہ سابقہ مختلف ادوار میں ملکی مفاد کو پس پشت رکھ کر ذاتی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے مخصوص طبقے کو غیر ضروری ٹیکس مراعات اور غیر ضروری سبسڈیز دی گئیں جس سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔صدر کاٹی نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ مخصوص شعبوں کو دی جانے والی ہر طرح کی ٹیکس چھوٹ اورغیر ضروری سبسڈیز کو فی الفور ختم کرے اور پورے ملک میں تمام کاروباری شعبوں کے لیے ٹیکسوں کا یکساں نظام نافذ کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایس آر او مافیا کا بھی خاتمہ ہونا چاہیے اس کے باعث نہ صرف ریونیو کے شارٹ فال جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں بلکہ مفادات کی خاطر قواعد و ضوابط پر سمجھوتے بھی کیے جاتے ہیں۔ شیخ عمرریحان کا کہنا تھا کہ مخصوص شعبوں کو استثنی اور خاص مراعات دینے کے بجائے حکومت اور ایف بی آر، ٹیکس سے متعلق مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لےے ملک کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کرکے ٹیکس قوانین میں اصلاحات لے کر آئے اور ایک یکساں اور قابل عمل ٹیکس نظام تشکیل دے۔ان کا کہنا تھا کہ تجارت اور صنعت کو فروغ دینے کے لیے جب تک بجلی اور خام مال سمیت پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے اقدامات نہیں کیے جاتے ملکی معیشت بحرانوں سے نہیں نکل سکے گی۔