صوبائی حکومتیں مہنگائی کیخلاف کریک ڈائون کریں، وزیراعظم

497
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر کا دورہ کررہے ہیں، آرمی چیف بھی ساتھ ہیں

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے بجائے اضافے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ انہوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا ہے کہ وزرا اعلیٰ اور چیف سیکرٹریز اس معاملے کو ذاتی طور پر دیکھیں۔ بدھ کو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ اور نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کو کہا گیا ہے کہ اس بات کی کوئی منطق نہیں ہے کہ جب حال ہی میں گندم کی کٹائی ہوئی تو ایسے میں آٹے کی قیمتیں کیسے بڑھ گئیں۔ انہوں نے کہا کہپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات اشیا خردونوش کی قیمتوں پر نظر آنے چاہئیں۔ صوبائی حکومتیں روزانہ کی بنیاد پر اشیا خوردونوش کی قیمتوں کو مانیٹر کریں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچائیں۔ وزیراعظم نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ نیشنل پرائس کنٹرول کمیٹی بھی وفاقی کابینہ کی ہدایت کی روشنی میں ہفتہ وار بنیاد پر اشیا ضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ کرے اور قیمتوں میں کمی کے حوالے سے لائحہ عمل بنائے۔ علاوہ ازیں وزیرِ اعظم عمران خان نے انٹر سروسز انٹیلی جنس ایجنسی (آئی ایس آئی) کی قربانیوں اور انتھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کے دورے پر موقع پر کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز آمد پر ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے استقبال کیا۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر اور معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم کو پیچیدہ علاقائی اور داخلی چیلنجز کے ساتھ امن کی بحالی کے لیے پاکستانی کاوشوںسے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔