پاکستان اسٹیل کے تمام ملازمین کو فارغ کرنے کی منظوری

406

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اسٹیل ملز کے 9 ہزار 350 ملازمین کو ایک ماہ میں فارغ کرنے کی منظوری دے دی۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں اسٹیل ملز کے ملازمین کو فارغ کرنے کے لیے ایک ماہ کا عرصہ دیا گیا۔ نوکری سے فارغ ہونے والے ملازمین کو گولڈ ہینڈ شیک کی صورت میں تقریبا 23 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے جب کہ 250 ملازمین پلان پر عمل درآمد کے لیے 3 ماہ تک کام کرتے رہیں گے۔ای سی سی نے ویسٹرن بارڈر مینجمنٹ کے لیے 8 ارب 84 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دی، یہ رقم سول آرمڈ فورسز کی استعداد کار بہتر بنانے پر خرچ کی جائے گی جبکہ اجلاس میں ایف بی آر کے لیے 20 کروڑ روپے کی تکنیکی گرانٹ، وزارت داخلہ، نیب، ریونیوڈویژن ،کابینہ ڈویژن، قومی ورثہ وثقافت ڈویژن، فنانس ڈویژن، وفاقی تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت، کمیونیکیشن اورمذہبی امورسمیت مختلف وزارتوں اورڈویژنز کے لیے اربوں روپے کے ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پرویز مشرف دور میں سیاست دانوں کے بیرون ملک اثاثے ڈھونڈنے والی کمپنی کو بھی ساڑھے 4 ارب روپے ادائیگی کی منظوری دی گئی، سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے دور حکومت میں شریف فیملی سمیت 150 پاکستانیوں کے بیرون ملک خفیہ اثاثے ڈھونڈنے کا ٹھیکہ مجوزہ کمپنی کو دیا تھا، نیب کی جانب سے معاہدہ ختم کرنے پر برطانوی عدالت سے حکومت پاکستان پر 33 ملین ڈالر جرمانہ عاید کیا تھا۔