پی ایس او ،واپڈا اور سوئی گیس کی نادہندہ کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ میں اضافہ کردیا

362

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کے الیکٹرک نے کراچی میں لوڈ شیڈنگ کو ختم کرنے کے بجائے اس میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے ۔ لاک ڈاؤن میں بجلی کی کھپت میں کمی کے باوجود لوڈ شیڈنگ میں اضافے کی وجہ کے الیکٹرک کا اپنے سارے ٹربائن کو نہ چلانا اور پوری استعداد کے مطابق بجلی پیدا نہ کرنا ہے ۔ ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ ادارے کو فرنس آئل کی مطلوبہ سپلائی میسر نہیں ہے اور اس کی کمی کی وجہ سے بجلی کی پیداواری صلاحیت متاثر ہوئی ہے جس سے کراچی میں لوڈشیڈنگ سے مستثنا علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ ہوسکتی ہے۔شہر کے بیشترعلاقوں میں 8 سے 10گھنٹے کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے جس کی وجہ سے شہری ایک طرف گرمی اور دوسری طرف بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے سبب دہری اذیت میں مبتلا ہوگئے ہیں ۔واضح رہے کہ کے الیکٹرک پاکستان اسٹیٹ آئل ، واپڈا اور سوئی سدرن گیس کی نادہندہ ہے ۔ پاکستان اسٹیٹ آئل نے کے الیکٹرک کو فرنس آئل کی فراہمی میں ادائیگی تک کمی کردی ہے ۔ اسی طرح سوئی سدرن گیس نے بھی کے الیکٹرک کو فراہم کی جانے والی گیس کے دباؤ میں کمی کردی ہے ۔ جس میں اضافے کے لیے کے الیکٹرک نے گزشتہ ماہ سوئی گیس سے اپیل کی تھی ۔ بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کو ریگولیٹ کرنے والاادارہ نیپرا بھی کے الیکٹرک پر الزام عاید کرچکا ہے کہ وہ پوری استعداد کے مطابق بجلی پیدا نہیں کررہا ہے ۔ دوسری جانب شہریوں نے اپنے ردعمل میں غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک بجلی کا مصنوعی بحران پیدا کر رہی ہے کیونکہ کراچی میں کئی کئی گھنٹوں کے لیے بجلی کی لوڈشیڈنگ پہلے ہی معمول ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر موسم گرما میں مصنوعی بحران پیدا کرکے حکومت سے فنڈز مانگے جاتے ہیں اور اب ایوریج اور ڈبل بلنگ کے ذریعے شہریوں کو لوٹا جارہا ہے۔شہریوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لے۔