کورونا سے مزید 2 رکن اسمبلی انتقال کرگئے، تعداد 3 ہوگئی

737

لاہور:مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ اور تحریک انصاف کے رکن کے پی اسمبلی میاں جمشید الدین کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی میں حکومتی رکن میاں جمشید الدین کاکاخیل بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے ہیں،میاں جمشید کا گزشتہ دنوں کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھااور وہ اسلام آباد کے اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ انتقال کرگئے۔

میاں جمشید الدین حلقہ پی کے 63 نوشہرہ سے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے وہ تحریک انصاف کی گزشتہ دور حکومت میں محکمہ ایکسائز کے وزیر رہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی شوکت منظور چیمہ بھی کورونا سے انتقال کرگئے ہیں ،وہ گزشتہ کئی روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔

ڈاکٹرز کے مطابق مرحوم ایم پی اے شوکت منظور چیمہ دل کے شدید عارضے میں بھی مبتلا تھے،کورونا وائرس کے باعث ان کی طبعیت بگڑ چکی تھی جس کے بعد انھیں گزشتہ سات روز سے وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا ، تاہم ان کی طبیعت سنبھل نہ سکی اور انتقال کرگئے۔

واضح رہے کہ شوکت منظور چیمہ پی پی 51 وزیر آباد سے مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر مسلسل تیسری مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے وزیر کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے تھے، وہ سندھ اسمبلی کے حلقہ 88 ملیر 2 سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔