حکمرانوں نے قوم کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاہے ، سینیٹر سراج الحق

574

لاہور:   امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہےکہ حکمرانوں نے قوم کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاہے ، پی آئی اے کو بہتر بنانے اور عظمت رفتہ واپس لانے کی ضرورت ہے ۔

سینیٹر سراج الحق  نے کراچی میں حادثہ کا شکار ہونے والے طیارے کے پائلٹ کیپٹن سجاد گل کی رہائش گاہ پر لاہور میں ان کے والد گل محمد بھٹی اور خاندن کے دیگر افراد سے ملاقات کی اور کیپٹن سجاد گل کی شہادت پر ان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ۔

سراج الحق نے کہاکہ ہم پوری قوم کی طرف سے شہید کے والد ین بہن بھائیوں سے تعزیت کرتے ہیں،کیپٹن سجاد گل اور ان کے والد نے ملک و قوم کی بڑی خدمت کی ہے جس پر یہ خاندان مبارکباد کا مستحق ہے اور پوری قوم ان کی احسان مند ہے ۔

     سینیٹر سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے قومی ہیروز ، جو ہیرے ہیں ان کی قدر نہیں کی،ماضی میں پی آئی اے نے دنیا کی بہترین ایئر لائنز کی تربیت کی اور ان کو منظم کیا لیکن کرپشن اور مس مینجمنٹ کی وجہ سے یہ ادارہ تباہ ہوا، قوم اس خاندان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی ، ہماری کوشش ہوگی کہ پی آئی اے دوبارہ ایک مثالی ادارہ بن جائے اور سجاد گل اور دیگر مسافروں کی شہادت کے بعد قوم کو مزید کسی شہادت کا صدمہ نہ اٹھانا پڑے ۔

  سینیٹر سراج الحق نے مزید  کہاکہ ہمارے ہاں روایت بن گئی ہے کہ کسی بھی سانحہ کی وجوہات عوام کے سامنے نہیں لائی جاتیں ، کمیشن بنتے ہیں مگر آج تک کسی کمیشن کی رپورٹ شائع نہیں کی گئی، کراچی طیارہ حادثہ پہلافضائی حادثہ نہیں ، حکومت اور پی آئی اے انتظامیہ کا فرض ہے کہ وہ اتنے بڑے سانحہ کے اسباب سے قوم کو آگاہ کرے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ  حادثے کا ذمہ دار شہید پائلٹ کو قرار دینے کی روش کا خاتمہ ہوناچاہیے ، یہ انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت رویہ ہے کہ حادثہ کا شکار ہو کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے پائلٹس کو حادثہ کا ذمہ دار قرار دے کر باقی لوگوں کی کوتاہیوں پر پردہ ڈال دیا جاتا ہے ۔