جامعہ کراچی : آن لائن کلاسز کے لیے اکیڈمک کونسل کا اجلاس 05 جون کو ہوگا

655

جامعہ کراچی(رپورٹ:حماد حسین) کوروناوائرس کی وجہ سے درپیش صورتحال کے تناظر میں آن لائن کلاسز کے حوالے سے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی کی زیر صدارت  اکیڈمک کونسل کا اجلاس 05 جون کو ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں سفارشات کومنظوری کے لئے پیش کیا جائے گا،رئیس کلیہ اپنی فیکلٹی سے ماسٹر ٹرینر نامزد کرینگے اور ان کی جانب سے دیگر اساتذہ کو فراہم کردہ تربیت کی بھی نگرانی کرینگے۔ روسائے کلیہ جات کے دفاتر اساتذہ کی معاونت کا مرکز ہونگے،تمام آن لائن کلاسز اور اسائنمنٹ کے جمع کرانے کا عمل منظور شدہ کورس آوٹ لائن کے مطابق15 جولائی 2020ء تک جاری رہے گا۔

لیب اورپریکٹیکل سیشن کی جگہ بھی آن لائن کلاس کا انعقاد کیا جاسکے گا.اساتذہ اپنے گھر سے آن لائن کلاسز کا انعقاد کرسکیں گے اور کسی پریشانی کی صورت میں وہ اپنے دفاتر،کلاس رومز یا رئیس کلیہ کے میٹنگ رومز کا استعمال کرسکیں گے،ہر شعبہ15جولائی تک ایک شعبہ جاتی طلبہ جانچ کمیٹی قائم کرے گا۔

متعلقہ اداروں سے اجازت کے بعد،ان تمام طالب علموں جو آن لائن کلاسز لینے سے قاصر رہے کے لئے16 جولائی تا 13 اگست کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا۔کلاسز،لیب اور بقیہ لیکچرز کو بھی 40 منٹ پر مشتمل اسمارٹ کلاس کی صورت میں منعقد کردیا جائے گا۔تمام طلبہ کی آن لائن  اسسمنٹ (جانچ)اور امتحانات کا عمل17 سے21 اگست تک مکمل کر لیا جائے گا۔سیمسٹر امتحانات 22 اگست تا12ستمبر ہونگے۔

دوسرے سیمسٹر2020کا تدریسی عمل15 ستمبر سے 13دسمبر تک جاری رہے گاسیمسٹر امتحانات14 دسمبر تا 31دسمبر2020ہونگے۔ایوننگ پروگرام کی کلاسز،لیبز اور اسسمنٹ شیڈول میں بھی تبدیلی کی تجویز ہے۔ آن لائن تدریس 15 جولائی تک،بقیہ(رہ جانے والے) نصاب کی کلاسز اور لیبز16 جولائی تا10 ستمبر،آن لائن اسسمنٹ (جانچ) اور امتحانات کو 11 تا13 ستمبر  2020ء تک حتمی شکل دینا۔ پہلے سیمسٹر امتحانات14 تا30 ستمبر،دوسرے سیمسٹر کا تدریسی عمل یکم اکتوبر تا31 دسمبر 2020 ء دوسرے سیمسٹر کے امتحانات یکم جنوری تا20 جنوری 2021 ء منعقد ہوں گے۔

واضح رہے کہ تمام سفارشات کو اکیڈمک کونسل میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔حتمی منظوری کے بعد ہی ان سفارشات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔